ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹکا کے وزیرشیوکمار کے خلاف مرکزی حکومت کی کارروائی جاری؛ ممنوعہ نوٹ ضبط کرنے کا دعویٰ،شیوکمار کی کسی بھی وقت گرفتاری کا امکان

کرناٹکا کے وزیرشیوکمار کے خلاف مرکزی حکومت کی کارروائی جاری؛ ممنوعہ نوٹ ضبط کرنے کا دعویٰ،شیوکمار کی کسی بھی وقت گرفتاری کا امکان

Fri, 04 Aug 2017 00:51:19    S.O. News Service

بنگلورو3اگست(ایس او  نیوز) وزیر توانائی کی رہائش گاہ پر محکمہ انکم ٹیکس کے افسروں کی چھاپہ مار کارروائی آج بھی جاری ہے ۔انکم ٹیکس کے افسران ریاستی وزیر سے پوچھ تاچھ کررہے ہیں۔ڈی کے شیوکمارایگل ٹن ریزارٹ میں قیام پذیرہیں، جہاں ان سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے ۔افسروں نے شیوکمار کے 60ٹھکانوں سے 11کروڑ روپئے کی رقم بھی برآمد کی ہے ۔ساتھ ہی ان کی رہائش گاہ سے کئی دستاویزات بھی ضبط کرنے کا دعویٰ سامنے آنے کی اطلاع ہے ۔ایگل ٹن وہی ریزارٹ ہے جہاں گجرات کے کانگریس ارکان اسمبلی قیام پذیرہیں اور ڈی کے شیوکماران ارکان اسمبلی کی مہمان نوازی کررہے ہیں۔

اسی دوران لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈ رملکارجن کھرگے نے ڈی کے شیوکمار کے خلاف آئی ٹی کے چھاپوں کے دفاع میں حکومت کے بیانات کو گمراہ کن قراردیاہے ۔انہوں نے کہا کہ وزرا کے تمام وضاحتی بیانات کے باوجود یہ سوال اپنی جگہ برقرارہے کہ شیوکمار کے مکانات پر اسی وقت چھاپہ مارکاروائی کیوں کی گئی ہے ۔ اس بیچ کرناٹک کے کانگریس کارکنوں نے ان چھاپوں کے خلاف آج بھی احتجاج کیا۔کانگریس کارکنان ہاتھوں میں پلے کارڈس تھامے بی جے پی ،امیت شاہ اور وزیر اعظم مودی کے خلاف نعرے بازی کرتے نظر آئے ۔ ان ہاتھوں میں موجود پلے کارڈس پرامیت شاہ اور مودی کے کارٹونس بنے تھے ۔

کل صبح ساڑھے چھ بجے محکمۂ انکم ٹیکس کے افسران نے جو تلاشی مہم شروع کی تھی وہ آج بھی جاری رہی۔ ان لوگوں نے چند جائیدادوں کے دستاویزات اور نقد رقم ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ جن مقامات پر چھاپے مارے گئے ہیں وہاں سے کسی کو بھی اب تک باہر جانے نہیں دیاگیا۔ سدا شیونگر میں واقع ڈی کے شیوکمار کی رہائش گاہ کے علاوہ بنگلور ، میسور، دہلی وغیرہ میں ڈی کے شیوکمار کی املاک پر چھاپوں کے سلسلے کو یونہی برقرار رکھا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ آج میسور میں انکم ٹیکس محکمہ کی ٹیم نے ڈی کے شیوکمار کے سسرال پر بھی چھاپہ مارا۔ اس کے علاوہ شیوکمار کے خاص جوتیشی دوارکا ناتھ کے مکان پر بھی جو شہر کے آر ٹی نگر میں واقع ہے چھاپہ ماراگیا۔ چھاپوں کے اس دائرے کو پھیلاتے ہوئے ممبئی میں بھی ڈی کے شیوکمار کے ٹھکانوں پر تلاشی لی گئی ۔

بتایاجاتاہے کہ کل محکمۂ انکم ٹیکس نے شیوکمار کے بینک لاکروں کے کوڈ طلب کئے تھے، جسے دینے سے شیوکمار نے صاف انکار کردیا، جس کے سبب محکمۂ انکم ٹیکس نے اس معاملہ کی جانچ میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو بھی شامل ہونے کیلئے مکتوب روانہ کیا ہے۔محکمۂ انکم ٹیکس اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کرتے ہوئے شیوکمار کو گرفتار کرنے کی تیاری میں ہے ، جبکہ شیوکمار کی طرف سے پیشگی ضمانت حاصل کرنے کی تیاری بھی کی جا چکی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ محکمہ بیرون ممالک میں بھی شیوکمار کے ٹھکانوں کی نشاندہی کرکے وہاں بھی چھاپے مارنے کی تیاری کررہا ہے۔ 
 


Share: